حیدرآباد، 24/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پشپا-2 کی اسکریننگ کے دوران سندھیا تھیئٹر میں ہوئی بھگدڑ کے معاملے میں اداکار الو ارجن ایک بار پھر حیدرآباد پولیس کے سامنے پیش ہوئے۔ آج صبح وہ اپنی رہائش گاہ سے سیدھے تھانے پہنچے، جہاں پولیس نے ان سے پوچھ تاچھ شروع کی۔ یاد رہے کہ اس حادثے میں ایک خاتون کی جان چلی گئی تھی، جبکہ اس کے دو بچے زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق آج منگل کو اداکار الو ارجن سے پولیس پوچھ تاچھ کرنے والی تھی۔ اس کے لیے الّو کو چکڑ پلی اسٹیشن پہنچنا تھا جہاں ان کے پہنچنے سے قبل پولیس تھانہ کے باہر تحفظ کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں اے این آئی نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں الو ارجن پولیس اسٹیشن کے باہر اپنی گاڑی سے اترتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
الو ارجن کے سسر کنچرلا چندر شیکھر ریڈی آج صبح میں جبلی ہلس واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق حیدر آباد پولیس نے اداکار الو ارجن کو نوٹس جاری کرکے سندھیا تھیئٹر واقعہ کے سلسلے میں پیش ہونے کو کہا تھا۔ اس سلسلے میں الو ارجن کی رہائش گاہ کے باہر تحفظ کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ واضح ہو کہ بھگدڑ معاملے میں الو ارجن جیل میں ایک رات گزارنے کے بعد فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔
الو ارجن نے حال ہی میں پریس کانفرنس کرکے بتایا تھا کہ کچھ لوگ ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہیں دوسری طرف تلنگانہ سنیمیٹوگرافی منسٹر کوماٹی ریڈی وینکٹ ریڈی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں اداکار اور فلم ساز سے مہلوک خاتون کے اہل خانہ کو کم سے کم 20 کروڑ روپے دینے کی بات کہی تھی۔