ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس کا ملک گیر احتجاج، امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ، ڈاکٹر امبیڈکر پر تبصرے کے خلاف مارچ

کانگریس کا ملک گیر احتجاج، امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ، ڈاکٹر امبیڈکر پر تبصرے کے خلاف مارچ

Wed, 25 Dec 2024 11:59:43  Office Staff   S.O. News Service

 نئی دہلی  ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بابا صاحب امبیڈکر کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے توہین آمیز تبصرے پر کانگریس نے ملک بھر میں احتجاج کیا اور ان سے استعفیٰ اور معافی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کارکنان نے ملک کے مختلف ضلع ہیڈکوارٹرس پر بابا صاحب امبیڈکر سمان مارچ نکالے۔ بھوپال میں دگ وجے سنگھ نے امبیڈکر مارچ کی قیادت کی، جب کہ گوہاٹی میں گورو گوگوئی اور رپن بورا نے مارچ کی قیادت کی۔ جھارکھنڈ میں کانگریس کارکنوں نے رانچی میں امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریلی نکالی۔ دہلی، اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، تمل نادو، منی پور، ناگالینڈ اور دیگر ریاستوں میں بھی احتجاجی مارچ ہوئے۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ امیت شاہ نے ملک کی پارلیمنٹ میں بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کی اورابھی تک معافی نہیں مانگی۔اس کیلئے انہیں مستعفی ہو جانا چاہئے۔ وہ اپنے بیان پر صفائی پیش کررہے ہیں لیکن معافی نہیں مانگ رہے ہیں۔   ان کی اس حرکت کو ملک کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اس دوران منی پور میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے ضلع کلکٹر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم پیش کیا جس میں  انہوں نے امیت شاہ سے معافی اور انہیں عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب کانگریس لیڈران کے سی وینو گوپال ، جے رام رمیش اور پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹرس پر پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کانگریس پورے ملک میں احتجاج کررہی ہے اور امیت شاہ کے استعفے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔  وینو گوپال نے کہا کہ اب یہ صدر جمہوریہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیت شاہ کو کابینہ سے برطرف کریں اور ان سے معافی منگوائیں۔ 


Share: