بھٹکل، 16 دسمبر (ایس او نیوز/آسیہ اے جی): انجمن گرلز ہائی اسکول بستی روڈ کی ہونہار طالبہ ام کلثوم بنت عبدالسلام محتشم کو سال 224-25 کا بتول انجمن کا باوقار خطاب دیا گیا۔ اس ایوارڈ کی دوڑ میں ماریہ قبطیہ بنت محمد مظہر حاجی فقہی دوسرے نمبر پر رہیں، تاہم دونوں کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ مزید برآں، سیفیٰ بنت سید جعفر صادق کو ممتاز طالبہ کے خطاب سے نوازا گیا اور انہیں سلور میڈل دیا گیا۔
واضح رہے کہ بتول انجمن کا خطاب ہر سال انجمن گرلز ہائی اسکول (بستی روڈ) کی اُس بہترین اور ہونہار طالبہ کو دیا جاتا ہے، جس نے آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں میں نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے کے ساتھ نصابی سرگرمیوں اور دیگر میدانوں میں بھی بہترین پرفارمنس پیش کی ہو، اس ایوارڈ کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ کی ریٹنگز کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔
ایوارڈ کی تقریب اسکول کے 53ویں سالانہ جلسے کے موقع پر سجائی گئی تھی، جو 15 دسمبر، اتوار کو منعقد کی گئی۔ جلسہ میں بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے کی اسسٹنٹ پی ایس آئی دیپا جی نائک نے مہمان خصوصی کے طور پر اور بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کی ڈاکٹر طوبیٰ تنعیم نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ دونوں معزز شخصیات نے طالبات کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور دیگر طالبات کو بھی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی۔
پروگرام کا آغاز اسکول کی طالبہ عائشہ بنت طائف رکن الدین کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جس کا انگریزی ترجمہ ام کلثوم اور اردو ترجمہ سیفیٰ نے پیش کیا۔ اس کے بعد صادقہ بنت عبدالمجید نے حمد پیش کی اور مناظرہ طیّبہ بنت نور الحسن نے نعت پڑھی۔ مناظرہ طیّبہ اینڈ پارٹی نے ترانۂ انجمن کوبھی سُریلی آواز میں پیش کرکے حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی۔
اسکول کی نائب ہیڈمسٹریس آسیہ اے جی نے مہمانان اور حاضرین کا استقبال کیا، جبکہ اسکول کی ہیڈ مسٹریس بی بی عطیہ اے جی نے اسکول کی سالانہ کاکردگی رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر اسکول کی فزیکل ایجوکیشن ٹیچر شوبھا یو نائک کو ان کی 34 سالہ خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا۔ وہ 31 مارچ 2025 کو اپنی ملازمت سے ریٹائر ہوں گی۔ اسکول ٹیچر نصرت جہاں گنگولی کے شکریہ کلمات پر پروگرام اختتام کو پہنچایا۔
تقریب میں دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں ڈاکٹر فرزانہ محتشم (پرنسپل، انجمن ویمن کالج)، طالعہ معلم (وائس پرنسپل، انجمن ڈگری کالج)، صباح دامدا (ہیڈ مسٹریس، انجمن گرلز انگلش میڈیم ہائی اسکول، نوائط کالونی) اور شہناز جوکاکو (ہیڈ مسٹریس، انجمن الفطرہ اسلامک اسکول) شامل تھیں۔ اس پروقار تقریب کی صدارت سیما ابوبکر قاسمجی (چیرپرسن، انجمن لیڈیز ایڈوائزری کمیٹی) نے کی۔