نئی دہلی،16اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ٹیم انڈیا کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک مہندر سنگھ دھونی جلد ہی بچوں کو کرکٹ کی باریکیاں سکھانے والے ہیں۔ خبر ہے کہ دھونی دبئی میں اپنی کرکٹ اکیڈمی شروع کرنے والے ہیں۔ گلف نیوز کی خبر کے مطابق، دھونی نے دبئی پیسفک اسپورٹس کلب میں اپنی کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔دھونی یہ کرکٹ اکیڈمی کلب کے ساتھ شراکت داری میں شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دھونی نے کہا کہ کھیل اب صرف کھیل نہیں رہا بلکہ وہ ایک بڑا کاروباری پلیٹ فارم بن چکا ہے، میں پیسفک کلب کے ساتھ شراکت سے بے حد خوش ہوں۔
دھونی کے ساتھ شراکت کے ساتھ ہی پیسیفک وینچرز نے اپنی کرکٹ اکیڈمی کا نام ایم ایس دھونی کرکٹ اکیڈمی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔. پیسفک کھیل کلب نے اس موقع پر کہا کہ ہم دھونی کے ساتھ جڑنے سے بے حد پرجوش ہیں۔ایم ایس دھونی کرکٹ اکیڈمی صرف یو اے ای ہی نہیں بلکہ تمام گلف ممالک میں کھلے گی،ساتھ ہی یہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں کھولی جائے گی، دھونی ہماری کرکٹ اکیڈمی کے برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے اور تمام اکیڈمی میں شرکت کرتے رہیں گے۔ابھی حال ہی میں ٹیم انڈیا کے آف اسپنر آر اشون نے بھی دبئی میں کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اشون کی جین-نیکسٹ کرکٹ کنگز اکیڈمی چنئی میں پہلے سے ہے اور اب اشون دبئی میں بھی یہ اکیڈمی شروع کرنے والے ہیں۔اس اکیڈمی کا کوچنگ پروگرام خود اشون نے تیار کیا ہے۔ ویسے ٹیم انڈیا کے کئی ستاروں کی کرکٹ اکیڈمی چلتی ہیں۔ وریندر سہواگ، یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ کی بھی اپنی کرکٹ اکیڈمی ہیں۔