ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امریکی ریاست ورجینیا میں صدی کا بدترین سیلاب،درجنوں ہلاکتیں، سینکڑوں بے گھر

امریکی ریاست ورجینیا میں صدی کا بدترین سیلاب،درجنوں ہلاکتیں، سینکڑوں بے گھر

Sat, 25 Jun 2016 16:02:04  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،25 جون (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست ورجینیا میں ایک صدی سے زیادہ عرصے کے بدترین سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ سینکڑوں انسانوں کو بچا کر زیر آب گھروں سے نکال لیا گیا ہے۔امریکا کی اس کوہستانی ریاست میں جمعرات کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے سبب دریاؤں اور نہروں میں طغیانی آئی اور مختلف علاقوں میں 10 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ریاست ورجینیا کے گورنر ارل رے ٹومبلن نے کہا ہے کہ شدید طوفان اور سیلاب نے ریاست بھر میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ حکام نے ریاست کی 55 میں سے 44 کاؤنٹیز میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔ ارل رے ٹومبلن نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،ہمارے لیے اس وقت سب سے بڑا چیلنج بارشوں کے سبب پانی کی سطح میں اضافہ بنا ہوا ہے۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی مینیجمنٹ کی ایک خاتون ترجمان نے ورجینیا میں طوفانی بارشوں کی شدت کے سبب ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 23 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ متاثر ورجینیا کی جنوب مشرقی کاؤنٹی گرین برائیر ہوئی ہے جہاں غیر معمولی شدت کی بارش اور طوفان کے نتیجے میں کم از کم 15 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق بارشوں کے سبب متعدد دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چُکی ہے۔ گورنر ارل رے ٹومبلن کے بقول دریائے الک میں پانی کی سطح 32 فٹ تک پہنچ گئی ہے جو 1988ء سے اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ تمام تر وسائل اُن متاثرین کو بچانے کے کاموں پر مرکوز کیے جا رہے ہیں جو یا تو پانی میں پھنسے ہوئے ہیں یا سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ورجینیا کے متاثرہ علاقوں میں کم از کم 66 ہزار باشندے اس وقت بجلی کی ترسیل سے محروم ہیں جبکہ سیلاب سے 100 سے زیادہ گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ گورنر نے کہا ہے کہ ویسٹ ورجینیا نیشنل گارڈز کے 200 فوجی تلاش اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ گورنر ارل رے ٹومبلن نے ریاست کی 55 میں سے 44 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی اور ہنگامی مینیجمنٹ کے ویسٹ ورجینیا ڈویژن کے ترجمان ٹم راک نے اپنے ایک بیان میں کہا،متعدد شہروں کو پانی نے مکمل طور پر گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اُن کے گھروں میں 8 سے 9 فُٹ تک پانی کھڑا ہے۔ ٹم راک کے بقول ہنگامی شلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور افراد کی تعداد سینکڑوں میں ہے جنہیں اب یہ پریشانی لاحق ہے کہ وہ جب لوٹیں گے تو نہ جانے اُنہیں اپنے گھروں کو کس شکل میں دیکھنا نصیب ہوگا۔قومی موسمیات سروس کے مطابق ریاست ورجینیا کو اس بار سالانہ بارش کی ایک چوتھائی کا استقبال ایک ہی دن میں کرنا پڑا ہے۔
 


Share: