منگلورو ، 18 / دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی ایگزٹ گیٹ کے پاس پیش آئے المناک حادثے میں ٹرین الٹ کر گرنے سے آپریٹر کی موت واقع ہوگئی ۔
بجپے پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے کرین ڈرائیور کا نام ارون کمار جادھو بتایا گیا ہے جو اتر پردیش کا رہنے والا تھا ۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تب کرین کو ایئر پورٹ سے خروج کے راستے سے ہوتے ہوئے اڈیاپاڈی سے کینجار جنکشن کی طرف لے جایا جا رہا تھا ۔ سڑک کے ڈھلان والے حصے میں کرین قابو سے باہر ہوگئی اور پھسل کر کنارے پر موجود نالے میں الٹ گئی ۔
کرین کے نیچے دبے ہوئے ارون کمار جادھو کو باہر نکالنے کے لئے دوسری کرین کی مدد سے نالے میں گری ہوئی کرین کی مدد لی گئی اور تقریباً آدھے گھنٹے کی مشقت کے بعد شدید زخمی حالت میں جادھو کو کرین کے نیچے سے نکالا گیا ۔ مقامی لوگوں نے اسے فوراً اسپتال میں منتقل کیا مگر طبی امداد پہنچانے کی کوشش کے دوران ہی اس نے دم توڑ دیا ۔
منگلورو نارتھ کے ٹریفک پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور ابتدائی تفتیش کی کارروائی کرتے ہوئے معاملہ درج کیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔