اڈپی ،18 / دسمبر (ایس او نیوز) الیکٹرک شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے ملپے میں محکمہ ماہی گیری کے دفتر میں آگ لگی جس کے نتیجے میں وہاں پر موجود دستاویزات جل کر خاک ہوگئے ۔
رات کے وقت لگی آگ کی وجہ سے دفتر کو پہنچے نقصان کے بارے میں صبح دفتر کھولنے پر پتہ چلا جس کے بعد فائر سروس عملے کو طلب کیا گیا اور سلگتے ہوئے بقیہ ساز و سامان میں بچی کھچی آگ بجھانے کی کارروائی انجام دی گئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک کمرے میں ایئر کنڈیشنر میں دھماکہ کے بعد آگ لگی اور وہاں پر محفوظ رکھے گئے تمام دستاویزات جل کر بھسم ہوگئے ۔ اس کے علاوہ کمرے میں لگے پنکھے، پارٹیشن، ٹیبل، کرسیاں، لائف جیکیٹس، لائف بوائز وغیرہ بھی آگ کی نذر ہوگئے ۔ افسران کا کہنا ہے کہ آگ ایک ہی کمرے تک محدود تھی ورنہ دوسرے کمرے تک پھیلنے کی صورت میں پوری بلڈنگ تباہ ہو جاتی ۔ اس حادثے کی وجہ سے تقریباً چار لاکھ روپوں کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔