ممبئی، 14/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) ایک خصوصی تفتیشی ٹیم نے آج ممبئی ہائی کورٹ کو بتایا کہ لشکر طیبہ کے مشتبہ دہشت گرد شیخ عبدالنعیم کریم کا قتل نہیں ہوا ہے،بلکہ وہ مغربی بنگال پولیس کی ملی بھگت سے فرار ہو گیا ہے۔ کریم 2006میں اورنگ آباد میں ہتھیار پہنچائے جانے کے معاملے میں ملزم ہے۔ہائی کورٹ نے قتل کے الزامات میں تحقیقات کے لیے ستمبر میں چھتیس گڑھ سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر، چھتیس گڑھ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل اور مغربی بنگال اور مہاراشٹر اے ٹی ایس کے سربراہان کی قیادت میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہدایت دی تھی۔عدالت نعیم کی ماں قمر نسرین کریم کی طرف سے داخل عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جنہوں نے چھتیس گڑھ پولیس کے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ ان کا بیٹا فرار ہو گیا،انہوں نے الزام لگایا کہ اسے حراست میں ہلاک کر دیا گیا۔ایس آئی ٹی کی جانب سے وکیل ہتین وینے گاؤنکر نے آج عدالت میں جانچ رپورٹ جمع کی۔انہوں نے کہاکہ ایس آئی ٹی کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے مطابق ملزم زندہ ہے اور مغربی بنگال پولیس کی ملی بھگت سے فرار ہو گیا تھا، متعلقہ پولیس افسران کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے،آگے تحقیقات جاری ہے۔چھتیس گڑھ پولیس کے مطابق،نعیم 2014میں اس وقت ان کی حراست سے فرارہو گیا تھا، جب اس کو 2006میں اورنگ آباد میں ہتھیار پہنچائے جانے کے معاملے میں ملزم کے طور پر ایک خصوصی مکوکا عدالت میں پیش کرنے کے لیے ممبئی لایا جا رہا تھا۔