بنگلورو- 31 جولائی (ایجینسیز) یڈی یورپا کے سبکدوش ہونے کے بعد بدھ 28 جولائی کو بسواراج بومئی نے ریاست کرناٹک کے 30 ویں وزیراعلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا - راج بھون کے گلاس ہاؤز میں منعقدہ مختصر تقریب میں ریاستی گورنر تاور چند گہلوٹ نے بومئی کوعہدہ کی راز داری کا حلف دلایا ۔
بومئی نے دیورو کہتے ہوئے حلف اٹھایا - حلف برداری کی اس تقریب میں سابق وزیراعلی بی ایس ایڈی یور پا مرکزی وزراء دھرمیندر پردھان اورکتن ریڈی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سکریٹری وکرناٹک انچارج ارون سنگھ ،بی جے پی کے سینئر لیڈرس اور نئے وزیراعلی کے طرفدار اور بی جے پی ورکرس کی بڑی تعداد راج بھون کے احاطہ میں اکٹھا ہوئی تھی جنہوں نے بومئی کی تائید میں نعرے لگائے۔
بی ایس ایڈی یورپا کے استعفی کے بعد ایک طویل سسپنس کے بعد بومئی کا انتخاب عمل میں آیا۔ ریاست کے اس اہم عہدہ کیلئے پچھلے ایک ہفتہ سے کئی نام میڈیا اور ریاست کی سیاست میں گشت کر رہے تھے۔ آخر کار بی جے پی ہائی کمان نے بومئی کو منتخب کیا ۔ ایڈی یورپا کی طرح بومئی بھی لنگایت طبقہ کے ایک اہم لیڈر تصور کئے جاتے ہیں۔ شیگاؤں اسمبلی حلقہ سے تین بارمنتخب ہونے والے بومئی ، بی جے پی کے اقتدار کی میعاد اگر مکمل کرتے ہیں تو وہ 20 مہینوں تک اس ریاست کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ بسواراج بومئی کے والد آنجہانی ایس آر بومئی بھی 80 کی دہائی میں مختصر عرصہ تک جنتادل حکومت میں ریاست کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔