بنگلور، 14/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) مبینہ جنسی سی ڈی اسکینڈل میں الزامات سے گھرے کرناٹک کے آبکاری وزیر ایچ وائی میتی نے آج استعفی دے دیا۔انہوں نے الزام سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سدھارمیا حکومت کو شرمندگی سے بچانے کے لیے استعفی دیا ہے۔تنازعہ کے گہرانے اور اپوزیشن کی میتی کو ہٹانے کے مطالبہ کے بعد میتی نے وزیر اعلی سدھرمیا سے ملاقات کی اور اپنا استعفی سونپا۔سددھرمیا نے ٹوئٹ کیاکہ آبکاری وزیر ایچ وائی میتی نے استعفی دے دیا ہے،میں نے معزز گورنر سے سفارش کی ہے کہ وہ استعفی قبول کر لیں،میں نے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔میتی نے وزیر اعلی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ میں نے حکومت اور وزیر اعلی کو کسی بھی شرمندگی سے بچانے کے لیے اپنی مرضی سے استعفی دیا ہے۔اپنے خلاف لگے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے 71سالہ میتی نے کہاکہ میں نے کچھ بھی غلط نہیں کیاہے، میں نے وزیر اعلی سے جانچ کروانے کی درخواست کی ہے۔قابل ذکرہے کہ میتی اس وقت تنازعات سے گھر گئے تھے، جب ایک آر ٹی آئی کارکن راج شیکھر ملالی نے اپنے پاس ایک ایسی سی ڈی ہونے کا دعوی کیا تھا، جس میں میتی مدد مانگنے آئی ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طورپر نازیبا حرکت میں ملوث دکھائی دے رہے ہیں۔