بیروت،19اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنان کی فوج نے آج ہفتہ انیس اگست کو اعلان کیا ہے کہ اُس نے شام کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقے میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کے خلاف عسکری آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس آپریشن میں فوج بھاری توپیں بھی استعمال کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ لبنانی ایئر فورس کے لڑاکا طیارے بھی ملک کی زمینی فوج کی مدد کر رہے ہیں۔ اس آپریشن میں راس بعلبک اور قاع کے علاقوں میں موجود اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لبنان کے شامی سرحد سے ملحق شمال مشرقی علاقے پر جہادی قابض ہیں۔ لبنانی خفیہ اداروں کے مطابق اس علاقے میں ایک ہزار سے زائد عسکریت پسند مورچہ زن ہیں۔