متھرا، 14/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) اناؤ سے بی جے پی کے ایم پی ساکشی مہاراج نے نوٹ بند ی سے عوام کو ہونے والی پریشانیوں کے لیے بینک حکام کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ نوٹ بند ی کا فیصلہ تو اچھا ہے لیکن بینک ملازمین نے اس کے نفاذمیں گڑبڑی کرکے مرکزی حکومت کی دقتیں بڑھا دی ہیں۔ساکشی نے کل یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر بلیک منی والوں کے بجائے یہی پیسہ عوام تک پہنچ گیا ہوتا، تو بات ہی کچھ اور ہوتی،لیکن فکر کی بات نہیں ہے،حکومت نے ان بے ایمان بینک ملازمین کا دماغ ٹھکانے لگانے کے لیے بھی انتظامات کر رکھا ہے، یہ سبھی جیل جائیں گے،نیا سال آنے کے ساتھ ہی حکومت بلیک منی والوں کو جیل بھیجنا شروع کر دے گی۔انہوں نے عوام کو یقین دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے چلائی گئی نوٹ بند ی کی مہم رنگ لائے گی،اس کے کامیاب ہونے کے بعد ملک کی ایک نئی تصویر ابھر کر سامنے آئے گی۔انہوں نے کہاکہ بلیک منی رکھنے والا کوئی بھی بڑا افسر، صنعت کار یا سیاستدان نہیں بچ پائے گا،ان لوگوں کے مددگار بینک افسران بھی نہیں بخشے جائیں گے۔نوٹ بند ی کے بعد کی پریشانیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام نوٹ بند ی سے نہیں،بلکہ بینک اہلکاروں کی لاپرواہی سے پریشان ہونے کو مجبور ہوئی ہے۔انہوں نے اسمبلی انتخابات میں اتر پردیش میں بی جے پی کو 300سیٹیں ملنے کا دعوی کیا ہے۔