بیروت،20اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنانی فوج نے ملک کے مشرقی حصے میں شامی سرحد کے قریب اسلامک اسٹیٹ کے خلاف اپنی عسکری مہم میں جہادیوں کی تین چوکیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ لبنان کی فوج نے راس بعلبک اور جرُود القاع کے سرحدی علاقوں پر قابض جہادیوں کو پسپا کرنے کی مہم ہفتہ انیس اگست کو شروع کی تھی۔ فوج کے بریگیڈیر جنرل نزیح جریج کے مطابق فوجی آپریشن کے پہلے دن تیس مربع کلومیٹر کے علاقے کو جہادیوں سے واپس لیا گیا ہے۔ جریج نے یہ بھی بتایا کہ اس آپریشن کے پہلے دن داعش کے کم از کم بیس جنگجوؤں کو ہلاک بھی کر دیا گیا ہے۔ دس لبنانی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ فوج نے کہا ہے کہ قبضہ چھڑانے والے مقامات پر لبنان کا پرچم لہرا دیا گیا ہے۔