پونے،17اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے سابق ورلڈ چیمپئن کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کے اندر آسٹریلیائی جذبہ ظاہر ہوتا ہے اور آسٹریلیا کے لوگ ان کو بہت چاہتے ہیں۔ مائیکل کلارک نے پونے میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ وراٹ کوہلی کو آسٹریلوی ناظرین انتہائی احترام کرتے ہیں۔ وراٹ کے میدان پر جارحانہ سٹائل کو اکثر غلط نقطہ نظر سے دیکھا جاتا ہے۔کلارک نے کہا کہ میں اس بات کو ماننے سے انکار کرتا ہوں کہ وراٹ کوہلی کے آسٹریلیا میں مداح نہیں ہیں، مجھے لگتا ہے وراٹ کے اندر آسٹریلیائی جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ وراٹ بے حد ہی جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں، وہ میدان پر کافی جنونی نظر آتے ہیں، لیکن میدان کے باہر وہ اتنے ہی احسان اور پرسکون ہیں، مجھے کوئی آسٹریلیائی کرکٹر یاد نہیں جو وراٹ جیسا نہ ہو۔
وراٹ کوہلی کو آسٹریلیائی میڈیا کی جانب سے نشانہ بنانے پر کلارک نے کہاکہ آپ کو آسٹریلوی میڈیا میں وراٹ مخالف ہی چیزیں دیکھنے کو ملتی ہیں، وہ وراٹ کے خلاف ہی لکھنا چاہتے ہیں لیکن میں جانتا ہوں کہ وراٹ کا آسٹریلیا میں کتنا احترام ہے۔آپ کو بتا دیں کہ مائیکل کلارک کے علاوہ مائیک ہسی نے بھی وراٹ کوہلی کی جم کر تعریف کی تھی۔ انہوں نے وراٹ کوہلی کو پونٹنگ جیسا کپتان بتایا تھا۔ ہسی نے کہا تھا کہ کوہلی شاندار ہیں، مجھے ان کی کپتانی کا طریقہ پسند ہے، مجھے کے جارحانہ سٹائل اور فتح کے جذبے کا پرستار ہوں، وہ ٹیم کو جہاں تک ممکن ہو آگے لے جانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، جیت کو لے کر ان کی بھوک سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کی طرح ہے۔