لاہور،16اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان کا نواز شریف سے رابطہ ہے اور نہ ہی وہ رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق صدر کی زیر صدارت بلاول ہا?س لاہور میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ان کا نواز شریف سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ ان سے رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے، نواز شریف سے رابطہ ہی نہیں رکھنا چاہتے تو ڈائیلاگ کیسا؟، نواز شریف اقتدار میں ہوں تو ان کی ترجیحات اور ہوتی ہیں اور اقتدار میں آکر ترجیحات بدل جاتی ہیں۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقتدار میں 62/63، گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ اور نیا عمرانی معاہدہ یاد کیوں نہیں تھا؟، اس وقت جمہوریت کو خطرہ نہیں بلکہ نواز شریف کی سیاست کو خطرہ ہے۔ پیپلز پارٹی کا چنیوٹ کا کامیاب جلسہ سب کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، بلاول میدان میں اتر چکا ہے جس سے پارٹی کی عوام میں مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔