بھٹکل 19 ڈسمبر(ایس او نیوز): بدھ کی شام بھٹکل نور مسجد کے سامنے واقع ایک میڈیکل شاپ کے عقب میں واقع کھلے کنویں میں گرکر ١٤ سالہ معصوم لڑکے کی موت کے بعد جمعرات کی صبح لڑکے کے رشتہ دار بھٹکل پہنچے اور کنویں کے اطراف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اسکول کے اساتذہ پر الزام عائد کیا کہ ان کی لاپرواہی کے سبب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
احتجاج کرنے والے رشتہ داروں نے نعش کو اپنے ساتھ لے جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قصوروار اساتذہ کو جائے وقوع پر طلب نہیں کیا جاتا اور انصاف فراہم کرنے کا یقین نہیں دلایا جاتا، وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
اس واقعے کی اطلاع ملنے پر بھٹکل سرکل پولیس انسپکٹر گوپی کرشنا، تحصیلدار ناگیش شیٹی اور دیگر حکام موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی۔ کافی گفت و شنید کے بعد مظاہرین کو سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ مظاہرین نے متعلقہ اساتذہ کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں، رشتہ داروں نے کِتّور رانی چنمّا رہائشی اسکول کا دورہ کیا، جہاں باقی طلبہ کو رکھا گیا تھا۔ تحصیلدار ناگیش شیٹی اور ڈی وائی ایس پی مہیش کی موجودگی میں مظاہرین نے طلبہ سے حادثے کی تفصیلات حاصل کیں۔
آخر کار، احتجاج ختم کرتے ہوئے مظاہرین نے بھٹکل پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی اور رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے لڑکے کی نعش لے کر اپنے گاؤں روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر یلبرگا پنچایت صدر، پنچایت ممبرس، یلبرگا بلاک ایجوکیشن آفسر اور یلبرگہ پولس بھی موجود تھیں۔
کنویں کو کھلا چھوڑنے پرمقامی عوام نے ظاہر کی ناراضگی؛ جگہ کے مالک کے خلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ؛ نیشنل ہائی وے کے قریب موجود جگہ پر مقامی عوام نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ کنویں کو اس طرح کھلا چھوڑنے کی وجہ سے ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ اگر کنویں کے اطراف دیوار ہوتی تو حادثہ سے بچنا ممکن تھا۔ عوام نے پولس اور حکام سے مطالبہ کیا کہ لڑکے کی موت کے بعدزمین کے مالک کے خلاف معاملہ درج کیا جائے جس کی لاپرواہی سے یہ حادثہ رونما ہوا ہے۔ عوام نے کہا کہ دن کے اوقات میں بھی یہ کنویں نظر نہیں آتا ہے، رات کو لوگوں کو کیسے نظر آئے گا۔
ڈی سی نے کی کھلے کنووں کو بند کرنے کی اپیل: اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے معاملے کو لے کر کاروار میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری جگہوں پر کنووں اور بورویلز کو بند رکھنے کے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، لیکن بھٹکل میں جس کنویں میں گرکر لڑکا فوت ہوا ہے، وہ نجی زمین پر واقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائیویٹ مالکان بالخصوص نیشنل ہائی وے سے متصل جگہوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی زمینات پر واقع کنووں کو ایسے کھلا نہ چھوڑیں اور کنووں کے اطراف باڑھ یا دیوار تعمیر کریں۔