ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرڈیشور میں طالبات کی غرقابی کا معاملہ : اسکول پرنسپال معطل - اساتذہ برطرف -لیکن ٹورزم ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ؟

مرڈیشور میں طالبات کی غرقابی کا معاملہ : اسکول پرنسپال معطل - اساتذہ برطرف -لیکن ٹورزم ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ؟

Sun, 15 Dec 2024 19:03:29  Office Staff   S.O. News Service

بھٹکل ، 15 دسمبر (ایس او نیوز) پچھلے دنوں کولار کے ریسیڈنشیل اسکول کی چار طالبات مرڈیشور سمندر میں غرقاب ہونے کا جو دردناک معاملہ پیش آیا تھا ، پتہ چلا ہے کہ اس میں متعلقہ اسکول کے پرنسپال کو معطل کرنے کے ساتھ بقیہ اساتذہ کو برطرف کر دیا گیا ہے ۔ لیکن ٹورزم ڈپارٹمنٹ کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف تا حال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ 
    
عوام اس بات پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھ رہے ہیں کہ کیا ساحل سمندر پر صرف واٹر اسپورٹس کا ٹھیکہ دے کر رقم وصول کرنا ہی محکمہ سیاحت کی ذمہ داری ہے ؟ کیا سیاحت اور سمندری کھیل کود سے لطف اٹھانے کے لئے آنے والے سیاحوں کی حفاظت کے انتظامات کرنا محکمہ سیاحت کی لازمی ذمہ داری نہیں ہے ؟
    
حقیقت یہ ہے کہ محکمہ سیاحت کی طرف سے نہ ساحلوں پر صفائی کا اہتمام ہے، نہ لائف گارڈز کی تعیناتی کی جا رہی ہے ۔ حادثات پیش آنے کی صورت میں جان بچانے کے لئے ہائی اسپیڈ بوٹس اور دیگر ضروری وسائل اور ساز و سامان بھی مہیا نہیں کیے جا رہے ہیں ۔ خصوصاً مرڈیشور ساحل پر پچھلے کچھ عرصے سے واٹر اسپورٹس کی سرگرمیاں بند رکھی گئی ہیں ۔ اس سے پہلے حادثات پیش آنے پر واٹر اسپورٹس کے ٹھیکیداروں کی طرف سے استعمال ہونے والی بوٹس اور ان کا عملہ حادثات کا شکار ہونے والوں کی جان بچانے کے لئے دوڑ پڑتے تھے ۔ لیکن گزشتہ نوراتری کےموقع پر ایک شخص کی جان چلی جانے کے بعد حفاظتی نقطہ نظر کا حوالہ دے کر واٹر اسپورٹس کی سرگرمیاں پوری طرح بند کر دی گئی ہیں ۔ 
    
مرڈیشور میں ریسارٹ اور ہوم اسٹے والوں کی شکایت ہے کہ ان کے کاروبار کو غیر قانونی ہونے کے نام پر سرکاری افسران انہیں ہراساں کرتے ہیں ۔ گوکرن اور تڈری ساحلوں پر بوٹنگ کا کاروبار کرنے والے گروپوں میں بٹ گئے ہیں ۔ اور ان سب چیزوں کے لئے عوام کی طرف سے محکمہ سیاحت کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر کو ذمہ دار  ٹھہرایا جا رہا ہے ۔
    
کہا جاتا ہے کہ گزشتہ سال ڈانڈیلی میں ریور ریافٹنگ بند کرکے سیاحوں اور کاروباریوں کو تکلیف میں  مبتلا کیا گیا تھا اور اب مرڈیشور میں ساحل پر رکاوٹ کھڑی کرکے یہی حرکت کی جا رہی ہے ۔
    
اُتر کنڑا میں اس سے پہلے محکمہ سیاحت اس قسم کے تنازعات کے گھیرے میں نہیں آیا تھا ۔ اپنے محکمہ کی پالیسیوں پر صحیح طریقے سے عمل نہ کرنے اور سیفٹی آڈٹ کی ذمہ داری انجام نہ دینے کی وجہ سے محکمہ سیاحت کے افسران کو عدالت کے چکر لگانے کی نوبت آئی ہے ۔ 

ڈی سی اور ڈی ڈی کے خلاف شکایت : بینگلورو میں مقیم بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ہائی کورٹ کے معروف وکیل ناگیندرا نائک نے اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر پریا لکشمی اور محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جینت ایچ وی کے خلاف  ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اور مرڈیشور پولیس اسٹیشن کو ای میل کے ذریعے شکایت بھیجی ہے ۔ 
    
اس شکایت میں ناگیندرا نائک نے مرڈیشور سمندر میں متعدد سیاحوں کی موت کے لئے ضلع ڈپٹی کمشنر اور محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ ضلع انتظامیہ نے ضروری حفاظتی انتظامات فراہم نہ کرنے اور قوانین کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے ان دنوں مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کی اموات میں اضافہ ہوا ہے، جس میں ملباگل کے مرارجی دیسائی رہائشی اسکول کی طالبات کی موت کا معاملہ بھی شامل ہے ۔ 
    
پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت میں واضح کیا گیا ہے کہ مرڈیشور ساحل پر ضلع انتظامیہ گزشتہ کچھ برسوں سے واٹر اسپورٹس سرگرمیاں چلانے کا ٹھیکہ نیلام کرتی ہے۔ 8 مہینے کی میعاد کے اس کنٹراکٹ کے لئے 1.28 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں ۔ نیترانی کے پاس اسکوبا ڈائونگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے فی کس 35 لاکھ روپے کے حساب سے چھ فریقوں کو 8 مہینے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔ اس طرح محکمہ سیاحت کو مرڈیشور ساحل سے صرف واٹر اسپورٹس کے زمرے میں سالانہ تقریباً 3.38 کروڑ روپوں کی آمدنی ہوتی ہے ۔ اس کے باوجود سیاحوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کرنے سے غفلت برتی جا رہی ہے ، جس کی وجہ سے سیاحوں کے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعات بڑھ گئے ہیں ۔ 


Share: