بھٹکل ،24/ دسمبر (ایس او نیوز) مرڈیشور سمندر میں چار طالبات کی غرقابی کے بعد حفاظتی انتظامات مکمل ہونے تک سیاحوں کے لئے ساحل اور سمندر کی طرف جانے پر جو پابندی لگی ہے اس کے نتیجے میں اب موج مستی کرنے کے لئے آنے والے سیاحوں کی بھیڑ نے گوکرن اور اتر کنڑا کے دیگر ساحلوں کا رخ کیا ہے ۔
گوکرن ساحل پر گزشتہ ایک ہفتے سے سیاحوں کی بھیڑ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ اسی کے ساتھ یہاں پر پچھلے ایک ہفتے میں دو غیر ملکیوں سمیت 7 افراد کو غرقاب ہونے سے بچا لیا گیا ہے ۔ نئے سال کا آغاز قریب ہونے کے ساتھ اتر کنڑا کے ساحلوں پر بڑھتے ہجوم کو دیکھتے ہوئے مقامی عوام حفاظتی انتظامات میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔
گوکرن میں ایک ٹور آرگنائزر نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر جشن کا ماحول ختم ہونے تک ساحلوں پر سخت نگرانی اور تمام ضروری حفاظتی انتظامات اور سہولتیں دستیاب رہنی چاہئیں ۔ خاص طور پر چھٹی اور ویک اینڈ کے موقع پر ساحلوں پر بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لئے پولیس کا خصوصی بندوبست ہونا چاہیے ۔ کیونکہ بہت سارے سیاح سمندر کی گہرائی اور خطرات کی ناواقفیت کی وجہ سے گہرے سمندر کی طرف جاتے ہیں اور مصیبت میں پھنس جاتے ہیں ۔