کنداپور ،23 / دسمبر (ایس او نیوز) تراسی ساحل پر سیاح کو سمندر میں تفریح کروانے کے دوران جیٹ اسکائی رائیڈر کے الٹنے کے بعد پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے روہی داس عرف روی (41 سال) کی لاش 36 گھنٹے بعد آج صبح کے وقت بازیافت ہوئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ شاسا کھاروی اور موہن کھاروی صبح تین بجے کے قریب جب سمندر میں ماہی گیری کے لئے نکلے تو ہوساپیٹے شمشان گھاٹ کے پیچھے والے سمندر میں تیرتی ہوئی لاش دکھائی دی، جس کی اطلاع انہوں نے کوسٹ گارڈ کوسٹل کنٹرول اسکواڈ کے اہلکار نشانت کھاروی کو دی ۔ پھر ان تینوں نے مل کر سمندر سے لاش باہر نکالی اور پولیس کو اطلاع دے دی ۔
گنگولی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ گنگولی 24X7 ایمبولینس سروس کے ابراھیم گنگولی، بیچ انچارج اسٹاف سریش کوڈیری اور روہی داس کے ساتھیوں نے مل کر لاش کو کنداپور سرکاری اسپتال کے فریزر یونٹ میں منتقل کیا۔
واضح رہے کہ ایک سیاح کو سمندر کی سیر کرانے کے دوران اسکائی بوٹ اُلٹ گئی تھی، سیاح چونکہ لائف جیکٹ پہنے ہوئے تھا، اسے سمندر سے بحفاظت کنارے لایا گیا، مگر بوٹ رائیڈر سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا، قریب 36 گھنٹوں بعد اسکائی رائیڈر روہی داس کی نعش سمدنر سے برآمد کی گئی۔