ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 21جولائی تک متھرا کے جواہر باغ تشدد معاملہ کے ثبوت جمع کریں :انکوائری کمیشن

21جولائی تک متھرا کے جواہر باغ تشدد معاملہ کے ثبوت جمع کریں :انکوائری کمیشن

Mon, 27 Jun 2016 12:21:26  SO Admin   S.O. News Service

متھرا، 26؍جون ،(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے متھرا ضلع میں 2 ؍جون کو ہوئے تشدد کی تحقیقات کرنے آئے یک رکنی کمیشن نے مقامی پولیس و انتظامی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ 21؍جولائی تک جواہر باغ تشدد سے متعلق تمام ثبوت پیش کریں۔عدالتی جانچ کمیشن کے صدر جسٹس امتیازمرتضیٰ نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیشن 21؍جولائی تک تمام سرکاری و غیر سرکاری افراد سے واقعہ سے متعلق ثبوت جمع کرے گا۔اس کے بعد ثبوتوں کی نوعیت کے مطابق ان کی درجہ بندی کرکے جانچ کاعمل شروع کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دو سال قبل جواہر باغ میں دو دن کے ستیہ گرہ کی اجازت لے کر جب سے رام و رکش یادو اور اس کے ساتھی جمع ہوئے تھے، تبھی سے لے کر 2 جون تک ان سب کے خلاف جتنے بھی مقدمے درج ہوئے ہیں، ان سب کے پورے دستاویزات انہیں سونپے جائیں۔جسٹس مرتضی نے بتایا کہ واقعہ سے جڑے ثبوت جمع ہو جانے کے بعد وہ ان کی جانچ کریں گے اور ضرورت پڑنے پر تمام مطلوبہ حکام اور دیگر افراد کو ضرورت کے مطابق طلب کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ دو ڈھائی سال کی مدت میں جو بھی افسران متھرا میں رہے ہوں گے، ان سبھی کو طلب کیا جائے گا اور ان سے ان کا موقف جانا جائے گا۔انکوائری کمیشن کے صدر اتوار کی شام تک متھرا کے محکمہ برائے تعمیرات عامہ کے جانچ بھون میں بنائے گئے عارضی دفتر میں موجود رہ کر اپنے سامنے رپورٹ دینے کے خواہش مند افراد سے ملنے کے لیے دستیاب رہیں گے۔بی جے پی کا ایک وفد بھی جانچ کمیشن سے ملا اور واقعہ کو سینکڑوں کروڑ کی سرکاری املاک پر ناجائز قبضہ جمانے کی ایک منصوبہ بند سازش اور سیاسی تحفظ بتاتے ہوئے سبھی پہلوؤں پر غور کرکے جانچ پڑتال کرنے کی اپیل کی۔ضلع صدر اور سابق ممبر پارلیمنٹ تیجویر سنگھ کی قیادت میں کمیشن کے صدر جسٹس امتیاز مرتضی سے ملنے والوں میں ریاست کے سابق وزیر زراعت لکشمی نارائن ، سابق وزیر مملکت روی کانت گرگ، سابق ممبر اسمبلی اجے کمار پوئیا اور پرنت پال سنگھ وغیرہ شامل تھے۔


Share: