پیونگ یونگ،23جون(آئی این ایس انڈیا)شمالی کوریا میں سرکاری میڈیا کے مطابق صدر کِم جانگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ’ان کے ملک نے بحر الکاہل کے علاقے میں امریکی مفادات پر حملے کی یقینی قدرت حاصل کر لی ہے‘۔ انہوں نے یہ بات درمیانی مار کے اسٹریٹجک بیلسٹک میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کرنے بعد کہی۔اس میزائل کا نام Musudanہے جس کو Hwasong-10کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ میزائل کی پہنچ 2500 سے 4000 کلومیٹر تک ہے۔اس نوعیت کے میزائل کم سے کم حد میں جنوبی کوریا اور جاپان میں اہداف کو اور زیادہ سے زیادہ پہنچ میں جزیرہ گوام میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔گزشہ چند ماہ کے دوران ناکامیوں کے سلسلے کے بعد شمالی کوریا نے بدھ کے روز اس نوعیت کے دو میزائلوں کا تجربہ کیا جن میں سے ایک نے مشرقی سمندر کے اوپر 400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔شمالی کوریا کی مرکزی نیوز ایجنسی کے مطابق ’اسٹریٹجک ہتھیاروں کے نظام کو جدید ترین بنانے کے لیے یقینی ٹکنالوجیکل سائنسی ضمانت پیش کی گئی ہے‘۔ ایجنسی نے مزید بتایا کہ ’میزائل داغے جانے کا تجربہ پڑوسی ممالک کی سیکورٹی پر کسی بھی اثر کے بغیر کامیابی سے مکمل کرلیا گیا‘۔