ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اٹلی آنے والے تارکین وطن کی تعداد آج بھی دو برس پہلے جتنی

اٹلی آنے والے تارکین وطن کی تعداد آج بھی دو برس پہلے جتنی

Sun, 03 Jul 2016 17:12:19  SO Admin   S.O. News Service

روم3جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال بھی بحیرۂ روم کے راستے اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد پچھلے برسوں جتنی ہی ہے۔اس سے قبل خیال یہ تھا کہ ترکی اور یورپ کے مابین معاہدے کے بعد زیادہ تارکین وطن اٹلی کا رخ کر رہے ہیں۔اطالوی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رواں برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران بحیرۂ روم کے سمندری راستے سے اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد تقریباََاتنی ہی رہی، جتنی کہ پچھلے دو برسوں کی پہلی ششماہیوں میں بھی رہی تھی۔روم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران 70ہزار 930تارکین وطن سمندری راستوں سے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچے۔ یہ تعداد 2015ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران اٹلی آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد کے تقریباََبرابرجب کہ 2014ء کی پہلی ششماہی کی نسبت تھوڑی سی زیادہ ہے۔2015ء کے پورے سال میں لیبیا اور دیگر افریقی ممالک کے ساحلوں سے بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار رہی تھی۔بہتر زندگی کی تلاش میں یورپ کا رخ کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی بڑی تعداد نے اٹلی پر کافی بوجھ ڈال رکھا ہے۔ اس سال جون کے آخر تک ایک لاکھ 32 ہزار تارکین وطن مہاجرین کے طور پر اٹلی میں اپنی رجسٹریشن کرا چکے تھے۔ پناہ گزینوں کی اتنی بڑی تعداد کے لیے رہائش اور دیگر سہولیات کا انتظام کرنا اٹلی کے لیے ابھی تک ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔رواں برس مارچ کے مہینے میں یورپی یونین اور ترکی کے مابین ایک متنازعہ معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت غیر قانونی طور پر ترکی سے یونان پہنچنے والے تارکین وطن کو واپس ترکی بھیجا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں بلقان کی ریاستوں نے بھی اپنی قومی سرحدیں بند کر رکھی ہیں، جس کے باعث پناہ گزینوں کے لیے شمالی اور مغربی یورپی ممالک پہنچنے کے زمینی راستے تقریباََمسدود ہو چکے ہیں۔اطالوی حکام کے مطابق اٹلی کا رخ کرنے والے زیادہ تر تارکین وطن کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔ اس سال اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن میں سے 15 فیصد کا تعلق نائجیریا جب کہ 13 فیصد کا تعلق اریٹریا سے ہے۔ علاوہ ازیں گیمبیا، سوڈان، صومالیہ اور دیگر افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد بھی انہی خطرناک سمندری راستوں سے اٹلی پہنچی ہے۔روم میں ملکی وزارت داخلہ کے مطابق اس سال اٹلی پہنچنے والوں میں نابالغ تارکین وطن کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جنوری سے جون کے درمیان ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد تنہا اور کم عمر تارکین وطن اٹلی پہنچے تھے اور یہ رجحان ابھی تک جاری ہے۔ اس کے برعکس پورے سال 2015ء میں ایسے نابالغ مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد 13 ہزار رہی تھی۔


Share: