کجریوال نے بی جے پی سرکارکوگھیرا،پی ایم کے مسلسل غیرملکی دوروں پروضاحت کامطالبہ
نئی دہلی، 24؍جون(آئی این ایس انڈیا )ہندوستان کی رکنیت مہم کو لے کر جوہری سپلائر گروپ(این ایس جی)کا اجلاس بے نتیجہ رہنے پر دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کے محاذ پر وزیر اعظم ناکام رہے ہیں۔کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران اس سلسلہ میں کیا کچھ کیا ان کو اس بارے میں وضاحت دینی چاہیے ۔کیجریوال نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم مودی خارجہ پالیسی کے محاذ پر پوری طرح ناکام رہے ہیں۔انہوں نے اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران کیا کچھ کیا اس بارے میں ان کو وضاحت دینا ہو گا۔کچھ میڈیا رپورٹوں میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ نے بھی این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت کی مہم کی مخالفت کی ہے۔دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کا موقف یہ اشارہ کرتا ہے کہ اس مہینے کے شروع میں سوئٹزرلینڈ کا مودی کا دورہ ناکام ثابت ہوا ۔مودی کے دورے کے دوران ان سے بات چیت کے بعد سوئٹزرلینڈ کے صدر جوہان شنائیڈرامان نے 6 ؍جون کو یہ اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک گروپ میں ہندوستان کی رکنیت کی حمایت کرتا ہے۔کیجریوال نے پوچھا،ایسا کیوں؟ کیا وزیر اعظم نے سوئٹزرلینڈکادورہ محض چند دن پہلے نہیں کیا تھا؟48رکنی جوہری سپلائر گروپ کا اجلاس آج سیول میں ختم ہو گیا جس میں ہندوستا ن کی رکنیت کی مہم پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، کیونکہ غیر جوہری عدم توسیع کے معاہدے والے ممبران کومنظوری دینے کولے کراختلافات تھے اور چین ہندوستان کی مہم کی مخالفت کرنے والے ممالک کی قیادت کر رہا ہے۔