ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / داعش سے تعلق کے الزام میں مظفرحسین کی گرفتاری کو جمعیۃ کی جانب سے عدالت میں چیلنج 

داعش سے تعلق کے الزام میں مظفرحسین کی گرفتاری کو جمعیۃ کی جانب سے عدالت میں چیلنج 

Sun, 03 Jul 2016 11:44:57  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی2جولائی(ایس ونیوز/آئی این ایس انڈیا)جیل میں بند بے قصور افراد کا مقدمہ لڑنے والی ملک کی اہم ملی تنظیم جمعےۃ علماء ہند کی قانونی ٹیم نے داعش سے تعلق کے الزام میں گرفتار حیدرآباد کے مظفرحسین کی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے اسے پولس تحویل میں دیے جانے کی سخت مخالفت کی ہے ۔ جمعےۃ علماء ہند کی جانب سے مقرر وکیل ایم اے مجیب نے میٹروپولیٹن سیشن جج حیدرآبادکے رو بروکہاکہ ان کاموکل غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والا ایک محنت کش نوجوان ہے ، اس کا کسی دہشت گردگروہ سے تعلق رکھنے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے ۔واضح ہو کہ حال میں داعش اوراس جیسی علیحدہ فکر والی تنظیموں سے وابستگی کی بنیاد پر آندھراپردیش خاص طورسے حیدرآباد سے بڑی تعداد میں مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ، جس پرجمعےۃ علماء ہند کے ذمہ داروں نے کافی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جمعےۃ علماء ہند جس نے گزشتہ سال ۱۸؍نومبر کو ملک کے ۷۵بڑے شہروں میں ایک ساتھ احتجاج منعقد کرکے داعش کے غلط اعمال کو اسلام سے جوڑنے کی سخت مخالفت کی تھی، وہ اس بات سے دکھی ہے کہ جس ملک میں لاکھوں مسلمانوں نے سڑک پرآکردہشت گردی کی مخالفت کی ہے ، وہاں کے نوجوانوں کو بلا کسی ٹھوس ثبوت کے داعش یا اس جیسی شدت پسند تنظیموں سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے جمعےۃ علماء آندھر اپردیش و تلنگانہ کے صدرحافظ پیر شبیر احمد اور ناظم اعلی حافظ پیر خلیق صابر کو اس سلسلے میں ہدایت دے رکھی ہے کہ جو بھی بے قصور نوجوان گرفتار ہو ، جمعےۃ کے تحت اس کے مقدمہ کی پیروی کرائی جائے ۔ حال میں حیدرآباد کے گیارہ مسلم نوجوانوں کی گرفتاری ہوئی تھی ، جس میں سے ۶ کو چھوڑ دیا گیا جب کہ باقی پانچ قید میں ہیں، ان میں سے ایک نوجوان مظفرحسین بھی ہے ۔ جمعےۃ علماء نے اس کیس کو اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے اور اس کے وکیل کو مکمل یقین ہے کہ ان شاء اللہ اگلی سماعت میں ہم اس نوجوان کی ضمانت کی کوشش میں کامیاب ہوں گے ۔جمعےۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایاکہ مولانامدنی بے قصورنوجوانوں کی گرفتاری پرکافی مضطرب ہیں،اس کے باوجودکہ ان دنوں مسجدرشیددیوبندمیں معتکف ہیں، وہ مسلسل ان حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہاکہ جمعےۃ جوپہلے ہی وسیع پیمانہ پر مقدمہ لڑرہی ہے اور کئی مقدمات میں اسے بڑی کامیابی ملی ہے، اس نے کہا ہے کہ جہاں بھی کوئی بے قصور شخص دہشت گردی کے الزام کے تحت گرفتار ہو، اس کے متعلقین جمعےۃ علماء ہند کے دفتر میں اس کے فون نمبر011-23311455/ 23317729 پررابطہ کریں یا ان (مولانا حکیم الدین قاسمی )کے موبائل نمبر پر38 99716288 پرراست طور سے بتائیں۔ ان شاء اللہ جائزے کے بعد ہر ممکن قانونی مدد کی جائے گی ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی جو ان دنوں میں جمعےۃ کے تعلیمی شہر انجار گجرات میں مقیم ہیں، وہاں بھی انھوں نے انجار کی مرکزوالی مسجد میں جمعۃ الوداع سے قبل اپنے خطاب میں بے قصور مسلم نوجوانوں کی رہائی پر اللہ اور رسول کی ہدایات اور قرآنی احکامات کوپیش کرکے لوگوں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ وہ بے قصوروں کی رہائی کے سلسلے میں جمعےۃ کی مہم کا حصہ بنیں اورر ہر طرح کا تعاون فرما کر اپنا فریضہ ادا کریں ۔
 


Share: