نیویارک،30جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست مونٹینا میں ایک ریچھ نے ایک سائیکل سوار پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر ڈالا ہے۔گلیشئر نیشنل پارک کی پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو بدھ کو ویسٹ گلیشیئر کیمپ سے ایک میل کے فاصلے پر ہلاک کیا گیا۔حکام نے کہا ہے کہ مسلح پولیس اہلکار علاقے میں اس ریچھ کو ڈھونڈ رہے ہیں تاہم انھوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔اس پارک میں ریچھوں کی جانب سے انسانی ہلاکتوں کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں اور سنہ 1910کے بعد سے یہ دسواں واقعہ ہے۔فلیٹ ہیڈ کاؤنٹی کے شیرف چک کری نے ایک مقامی ویب سائٹ کو بتایا کہ 38سالہ سائیکل سوار محکمۂ جنگلات میں ملازم تھا۔حکام کے مطابق ٹریل پر جانے والے سائیکل سواروں نے پہلے ریچھ کو تنگ کیا تھا جس کے بعد اس نے ان پر حملہ کر دیا۔مردہ سائیکل سوار کو ریچھ سائیکل کے اوپر سے اٹھا کر لے گیا، جب کہ دوسرا مدد لینے کے سائیکل بھگا لے گیا۔حال ہی میں امریکی جنگلی حیات کے محکمے نے ریچھوں کو معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں کی فہرست سے نکالنے کے ارادے کا اعلان کیا تھا۔