کابل،2جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)افغان طالبان کے نئے امیر مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ نے امسال مئی میں اپنی تقرری کے بعد ہفتے کے روز پہلے بیان میں امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کا قبضہ چھوڑ دے۔رمضان المبارک کے اختتام سے قبل عید الفطر کے پیغام میں انہوں نے امریکا سے کہا کہ وہ طاقت کے لایعنی کے استعمال سے گریز اور حقائق کا ادارک کرے اور افغانستان کا قبضہ چھوڑ دے۔حملہ آور امریکا اور اس کے حواریوں کے لئے ہمارا پیغام ہے کہ افغان مسلمان اور عوام تمھاری طاقت اور جاہ و جلال سے خائف نہیں ہیں۔ وہ امریکا سے محاذ آرائی میں جام شہادت نوش کرنے کو اپنی زندگی کی محبوب تمنا سمجھتے ہیں،اخونزادہ کا کہنا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں اپنی فوج کی تعداد اور قیام مزید بڑھاکر واشنگٹن ہماری جہادی جدوجہد کی منزل کھوٹی نہیں کر سکتا۔ اخونزدہ نے کہا کہ تمھارا واسطہ کسی گروپ یا فریق سے نہیں بلکہ ایک قوم سے ہے۔ تم کبھی فتح یاب نہیں ہو سکتے۔