ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / عالمی برادری شامی عوام کو ظلم سے نجات دلائے:سعودی عرب

عالمی برادری شامی عوام کو ظلم سے نجات دلائے:سعودی عرب

Tue, 21 Jun 2016 18:10:55  SO Admin   S.O. News Service

فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت بند کرانا عالمی ذمہ داری ہے

ریاض،21جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں جاری کشت وخون، نہتے بچوں اور خواتین کے سفاکانہ قتل عام، بشارالاسد کی وفادار فوج اور دہشت گرد گروپوں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ بند کرائے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں شام میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے شامی قوم کو ظلم سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ سعودی کابینہ نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں صدر بشارالاسد نے اپنے اقتدار کو بچانے اور دہشت گردوں کی کارروائیوں میں تین لاکھ نہتے لوگوں کی جانیں لیلی ہیں۔ قتل وغارت گری کا بازار اب بھی گرم ہے اور آئے روز نہتے شامی شہری خاک وخون میں لوٹ رہے ہیں۔ ایسے میں عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام کی مظلوم قوم کو بشارالاسد اور دوسرے دہشت گرد گروپوں کے ظلم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر کابینہ نے پڑوسی خلیجی ریاست بحرین کی عدالتوں کی طرف سے دہشت گردوں کو دی جانے والی سزاؤں کی حمایت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب منامہ کی حمایت جاری رکھے گا۔سعودی کابینہ کی جانب سے فلسطین میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی بھی مذمت کی گئی اور جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹیوں کے جاری اجلاس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام، منظم تشدد، ناکہ بندی، املاک کی تباہی، بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشوں اور وحشیانہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ بند کرائے۔ بیان میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں سے تحقیقات کراتے ہوئے صہیونیوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔


Share: