نئی دہلی، 24؍جون (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی 25؍جون کو پونے میں اسمارٹ سٹی منصوبوں کا آغاز کریں گے۔اس کے ساتھ ہی’ اسمارٹ سٹی چیلنج کمپٹیشن ‘کے پہلے مرحلے میں چنے گئے 20شہروں میں اسمارٹ سٹی منصوبوں پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔یہ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے نئے شہری مشن کے تحت تیارکردہ جامع اور مربوط شہری ترقی کا آغاز ہو گا۔وزیر اعظم پونے میں واقع شیو چھترپتی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ایک پروگرام میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت 14منصوبوں کا افتتاح کریں گا۔اس پروگرام کی صدارت شہری ترقیات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو کریں گے۔اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر ودیا ساگر اور وزیر اعلی دیویندر فڑنویس بھی موجود رہیں گے۔اسی دن دوسری اسمارٹ سٹی میں تقریبا 1770کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ 69ایسے منصوبوں کا آغاز بھی کیا جائے گا ۔سرکاری ریلیز کے مطابق، پونے اور دیگر شہروں میں شروع ہونے والے منصوبوں میں سوچھ بھارت مشن کے تحت ٹھوس کچڑا مینجمنٹ منصوبے ، کایا پلٹ اور شہرکی جدید کاری کے لیے اٹل مشن (امرت)کے تحت پانی کی فراہمی کے منصوبے ، سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور کھلے اور ہرے بھرے مقامات کی ترقی شامل ہے۔ہفتہ کو ہی اسمارٹ سٹی مشن اور امرت میں شامل کی گئی ملک کی تقریبا 70فیصد آبادی والے 500سے زیادہ شہروں میں بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات کی خامیوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مطلع کئے گئے پانچ سال کے ایکشن پلان پر مبنی شہری ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ کی بھی شروعات ہوگی۔وزیر اعظم مودی ’میک یور سٹی اسمارٹ‘مقابلے کا بھی افتتاح کریں گے۔اس مقابلے کا مقصد سڑکوں، جنکشن اور پارکوں کے ڈیزائن میں شہریوں کو شامل کرنا ہے۔شہریوں کی تجاویز اور ان کی طرف سے تجویز کردہ ڈیزائن ان کی اپنی اپنی اسمارٹ شہر کے ذریعہ قانون کے مطابق شامل کئے جائیں گے۔اس مقابلے کے فاتحین کو 10000روپے سے 100000روپے تک کے ایوارڈسے نوازا جائے گا ۔وزیر اعظم مودی اسمارٹ نیٹ پورٹل کا بھی افتتاح کریں گے۔یہ پورٹل مختلف شہری مشن کے تحت آنے والے شہروں کو اپنے خیالات شیئر کرنے کے قابل بنائے گا اور مختلف مشن کے نفاذ کے دوران پیدا ہونے والے مسئلوں کوحل کرنے کا ذریعہ بنے گا۔وزیر اعظم کے ہاتھوں منصوبوں کا افتتاح کئے جانے کے موقع پر پہلے مرحلہ کے سبھی 20اسمارٹ شہروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جوڑا جائے گا۔