سونیا اور راہل گاندھی نے ڈھاکہ حملے کی مذمت کی
نئی دہلی،2 جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی نائب صدر راہل گاندھی نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی آج مذمت کی اور اس کیلئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف’’اجتماعی اور فیصلہ کن ‘‘کارروائی پرزور دیا۔اس واقعہ میں20افراد کی موت ہو گئی۔سونیا نے واقعہ میں مارے گئے لوگوں کے تئیں غم کا اظہار کرتے ہوئے ان لوگوں کے خلاف فوری طور پر اجتماعی اور فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا جو ڈھاکہ حملے کے پیچھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں کانگریس پوری سختی سے بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حملے’’تمام اخلاقی اور انسانی اقدارسے متضاد‘‘ہیں۔راہل نے ایک ٹویٹ میں ڈھاکہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ان کی نیک خواہشات ڈھاکہ اور بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بے رحم تشدد کا مضبوطی سے اور متحد ہو کر مقابلہ کیا جانا چاہئے۔ڈھاکہ کے ہائی سیکورٹی والے سفارتی علاقے کے ایک مقبول ریستوران میں آئی ایس آئی ایس کے مشتبہ دہشت گردوں نے ایک ہندوستانی لڑکی سمیت 20غیر ملکی شہریوں کا قتل کر دیا۔