ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سنبھل: صدیوں پرانی باؤڑی کی اے ایس آئی ٹیم نے کی تحقیق، مٹی ہٹانے پر سیڑھیاں منظر عام پر آئیں

سنبھل: صدیوں پرانی باؤڑی کی اے ایس آئی ٹیم نے کی تحقیق، مٹی ہٹانے پر سیڑھیاں منظر عام پر آئیں

Wed, 25 Dec 2024 19:00:33  Office Staff   S.O. News Service

سنبھل ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے سنبھل میں مختلف تیرتھ استھلوں اور قدیمی کنوؤں کی تلاش جاری ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ حالیہ دنوں میں خبروں میں رہا ہے۔ کچھ مقامات پر کھدائی کا کام جاری ہے، اور حالیہ اطلاعات کے مطابق سنبھل کے چندوسی علاقے میں گزشتہ 4-5 دنوں سے ایک مقام پر کھدائی کے دوران ایک صدیوں پرانی باؤڑی کا پتا چلا ہے۔ اس باؤڑی کا 25 دسمبر کو اے ایس آئی کی سروے ٹیم نے معائنہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنبھل کے چندوسی واقع مسلم اکثریتی محلہ لکشمن گنج میں ملبہ اور مٹی کے نیچے سالوں سے دبی ملی باؤڑی کی عمارت سطح در سطح اب لوگوں کے سامنے آ رہی ہے۔ منگل کے روز جب چوتھے دن کی کھدائی ختم ہوئی تھی تبھی باؤڑی کی سیڑھیاں صاف دکھائی دینے لگی تھیں۔ منگل کے روز پورے دن پالیکا کے 30 مزدور پھاؤڑے سے باؤڑی کی اوپری منزل سے مٹی ہٹانے میں مصروف رہے۔ شام ہونے تک باؤڑی کے اندر جا رہی 10 سے زائد سیڑھیاں واضح طور پر نظر آنے لگیں۔ بدھ کی صبح بھی باؤڑی سے مٹی نکالنے کا کام جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ محلہ لکشمن گنج میں بانکے بہاری مندر ملنے کے بعد سے ہی ’سناتن سیوک سنگھ‘ کے کارکنان نے گزشتہ ہفتہ کے روز تحصیل میں منعقد ’سمپورن سمادھان دیوس‘ میں بانکے بہاری مندر کو پھر سے فعال بنانے اور مندر کے کچھ دوری پر گلی میں خالی پلاٹ میں باؤڑی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ راجندر پنسیا کو درخواست دی تھی۔ ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر اسی دن دوپہر اے ڈی ایم جیوڈیشیل ستیش کشواہا کے ساتھ تحصیل اور پالیکا کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کھدائی شروع کر دی تھی۔ اسی دن باؤڑی کی دیوار نظر آنے لگی تھی۔ پھر پیر اور منگل کے روز ہوئی کھدائی میں سیڑھیاں بھی دکھائی دینے لگیں۔

اس باؤڑی کا راز کھولنے کے لیے نگر پالیکا پریشد کے 50 لوگوں کی ٹیم پوری سرگرمی کے ساتھ کام میں لگی ہوئی ہے۔ جل کارپوریشن کے جونیئر انجینئر انوج کمار کا کہنا ہے کہ باؤڑی کا وجود سامنے لانے کے لیے پالیکا کے دو سینیٹری انسپکٹر، ایک ریونیو انسپکٹر، ایک جے ای کی دیکھ ریکھ میں 30 مزدور کام کر رہے ہیں۔ ایک جے سی بی اور 3 ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی لگایا گیا ہے۔


Share: