ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک بھر میں سردی کی شدید لہر، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر، ہماچل میں 134 سڑکیں بند

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر، ہماچل میں 134 سڑکیں بند

Thu, 26 Dec 2024 12:02:54  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پورے ملک میں شدید سردی کی لہر پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔ دہلی کے بیشتر علاقوں میں دھند اور کہرا چھایا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے کچھ دنوں میں دہلی میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے سردی کے بڑھتے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔

ادھر اتر پردیش میں آگرہ، علی گڑھ، متھرا اور ورندا ون میں بھی شدید کہرا دیکھنے کو ملا۔ 26 دسمبر سے 28 دسمبر کے درمیان ریاست مختلف حصوں میں گھنے کہرے، بارش، برفباری اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہرے اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ جمعرات کو ریاست کے کئی حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ آج ریاست کے ضلعوں جیسے دیوریا، گورکھپور، بستی اور کشی نگر میں دیر رات اور صبح کے وقت ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔

راجستھان کے زیادہ تر علاقوں میں سخت سردی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مشرقی راجستھان میں ایک جگہ ہلکی بارش ہوئی جبکہ شدید کہرا بھی چھایا رہا۔ ادئے پور، اجمیر، کوٹا، جے پور، بھرت پور اور بیکانیر میں شدید کہرا رہنے کا امکان ہے۔ وہیں اونچائی والے ہمالیائی علاقوں میں برفباری شروع ہو چکی ہے جبکہ نچلی علاقوں میں گھنے بادلوں نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔ شدید ٹھنڈ کی وجہ سے منسیاری کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری پہنچ چکا ہے جس سے یہاں کی روزمرہ کی زندگی بُری متاثر ہو چکی ہے۔

وہیں ہماچل میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست میں کئی ضلعوں میں برفباری کے بعد تین قومی شاہراہوں سمیت کُل 134 سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ افسروں نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوکسر میں 5.6 سینٹی میٹر برفباری ہوئی، جس کے بعد کم سے کم درجہ حرارت میں کچھ ڈگری کی گراوٹ آئی اور لوگ شدید ٹھنڈ کی وجہ سے کپکپاتے رہے۔ اس کے علاوہ کھدرالا اور شلارو میں 5 سینٹی میٹر، پوہ میں 2 سینٹی میٹر، سانگلا میں 1٫2 سینٹی میٹر اور کیلونگ، گونڈلا اور جوت میں 1 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔ لاہول اور اسپیتی ضلع کا تابو ہماچل پردیش کا سب سے ٹھنڈا مقام رہا۔ یہاں رات کا درجہ حرارت صفر سے 10.6 ڈگری سیلسیس سے نیچے درج کیا گیا جبکہ اونا دن میں سب سے گرم رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

جموں و کشمیر میں 40 دنوں کا چلّے کلاں شروع ہونے سے ٹھنڈ کا قہر بڑھ گیا ہے۔ چلّے کلاں شروع ہونے کے چوتھے دن شدید ٹھنڈ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ وادی میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے جا چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.8 ڈگری سیلسیس کے ساتھ وادی کا سب سے ٹھنڈا علاقہ بنا رہا۔


Share: