ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یوپی: لکھنؤ میں دوہرا انکاؤنٹر، سابق فوجی کے گھر پر حملے اور لوٹ مار کے 4 ملزمان گرفتار

یوپی: لکھنؤ میں دوہرا انکاؤنٹر، سابق فوجی کے گھر پر حملے اور لوٹ مار کے 4 ملزمان گرفتار

Thu, 26 Dec 2024 11:54:42  Office Staff   S.O. News Service

 لکھنؤ  ، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں دو مختلف انکاؤنٹر کی وارداتیں سامنے آئی ہیں۔ پولیس نے ان دونوں تصادموں میں 4 بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے 2 بدمعاش سابق فوجی کے گھر پر فائرنگ اور پیٹرول بم پھینکنے کے ملزم ہیں، جبکہ باقی 2 بدمعاش لوٹ مار کے مقدمے میں ملوث تھے۔

پولیس نے محمد شمیم اور آکاش گوتم پر سابق فوجی کے گھر پر فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹرول بم پھینکنے کا بھی الزام لگایا ہے۔ لکھنؤ کے کرشنا نگر کی پولیس کے ساتھ تصادم کے دوران اس کے پیر میں گولی لگ گئی، جس کے بعد پولیس نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔

پولیس افسروں نے بتایا کہ کرشنا نگر کے وجئے نگر علاقے میں رات 2 بجے پولیس چیکنگ کر رہی تھی۔ اس دوران قریب 2:40 بجے بائک پر سوار بدمعاش شمیم اور آکاش گوتم دکھائی دیے۔ انہیں روکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمیم کو پیر میں گولی ماری اور دونوں بدمعاشوں کو گرفتار کر لیا۔

وہیں دوسری طرف لکھنؤ کی گومتی نگر کی پولیس نے لوٹ کی واردات میں ملزم امن سنگھ عرف کارتک ٹھاکر اور ویر سنگھ یادو کو گرفتار کر لیا ہے۔ تصادم کے دوران ملزم شخص زخمی ہو گیا۔

واضح ہو کہ یوپی پولیس کے ذریعہ مجرمانہ واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ حال ہی میں لکھنؤ کے بینک ڈکیتی معاملے میں فرار دو بدمعاشوں کو پولیس نے تصادم میں مار گرایا تھا۔ یہ تصادم لکھنؤ کے چنہٹ اور غازی پور ضلع میں الگ الگ مقامات پر ہوئے۔ دراصل لکھنؤ کے انڈین اوور سیز بینک میں ہوئی لوٹ کے ایک ملزم کو لکھنؤ پولیس کی کرائم برانچ اور چنہٹ تھانہ کی پولیس نے گھیر لیا تھا۔ بدمعاش نے گولی چلائی تھی، جس کے بعد کراس فائرنگ میں بدمعاش مارا گیا۔


Share: