ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آتشی کی گرفتاری کی سازش، کیجریوال کا بی جے پی پر بڑا الزام

آتشی کی گرفتاری کی سازش، کیجریوال کا بی جے پی پر بڑا الزام

Wed, 25 Dec 2024 17:58:48  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 25/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قائد اروند کیجریوال نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ مرکزی ایجنسیاں جیسے ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہی ہیں اور آتشی کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی مقبول عوامی فلاحی اسکیمیں، خاص طور پر سنجیوینی اور ’مہیلا سمان‘، بی جے پی کو پسند نہیں آ رہیں۔

مہیلا سمان اسکیم کے تحت دہلی حکومت ہر ماہ خواتین کو 2100 روپے دینے کا منصوبہ رکھتی ہے اور کابینہ اس کی منظوری بھی دے چکی ہے۔ اسی طرح، سنجیوینی اسکیم کے تحت بزرگوں کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے بتایا کہ اب تک مہیلا سمان اسکیم میں 12.50 لاکھ خواتین نے رجسٹریشن کرایا ہے، جبکہ سنجیوینی اسکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ بزرگ مستفید ہو رہے ہیں۔

کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ان اسکیموں کی کامیابی سے خوفزدہ ہے اور اس وجہ سے آتشی کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے تمام اہم رہنماؤں کے خلاف چھاپے مارے جائیں اور فرضی مقدمات درج کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی خواتین کی مفت سفر سہولت اور دیگر فلاحی اسکیموں کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ دہلی کے عوام کو ملنے والی سہولیات کو روکا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ آتشی نے بھی اس پریس کانفرنس میں شرکت کی اور کہا کہ وہ ہمیشہ ایمانداری سے کام کرتی رہی ہیں اور آئندہ بھی یہی رویہ اختیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان پر فرضی مقدمات درج کئے جاتے ہیں اور انہیں گرفتار کیا جاتا ہے تو انہیں ملک کی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ سچائی جیتے گی اور وہ جلد ضمانت حاصل کر لیں گی۔

آتشی نے مزید کہا کہ دہلی کے عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور انہیں علم ہے کہ ایک طرف کیجریوال ہیں جو عوام کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف بی جے پی ہے جو صرف گالیاں دینے اور عوامی سہولیات کو روکنے میں مصروف ہے۔

کیجریوال نے کہا کہ انتخابات میں بی جے پی کی سازشوں کا جواب دہلی کے عوام اپنے ووٹ سے دیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہم اسی بنیاد پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ بی جے پی کی رکاوٹوں کے باوجود دہلی کی ترقی جاری رہے گی۔‘‘


Share: