منگلورو ، 25 / دسمبر (ایس او نیوز) سائبر فراڈ کے ذریعے شہر کے دو الگ الگ افراد کے بینک کھاتے سے کروڑوں روپے اڑانے کے معاملوں میں منگلورو پولیس نے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
منگلورو پولیس کمشنر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین میں سے ایک نام جعفر (22 سال) ہے جو پلکاڈ ملپورم کے وریمکولم کا رہنے والا ہے ۔ دوسرے ملزم کا نام آکاش (22 سال) ہے جو کوزیکوڈ چوکت کا رہنے والا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ منگلورو سی ای این پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی کہ ایک اجنبی شخص نے بھاری منافع کا لالچ دے کر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے اکساتے ہوئے اسٹاک فرنٹ لائن کے نام سے لنک بھیجی اور مختلف مرحلوں میں جملہ 10,84,017 روپے کا دھوکہ دیا ۔ اس معاملے کی تحقیق کرتے ہوئے پولیس نے رقم ٹرانسفر کیے گئے بینک اکاونٹ کا پتہ لگا لیا اور کیرالہ کے جعفر کے نامی دھوکے باز کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔
آن لائن دھوکہ دہی کے دوسرے معاملے میں گرفتار شدہ آکاش کے بارے میں سی ای این پولیس کے پاس شکایت درج کی گئی تھی کہ اس نے 'ٹرائی' کے نمائندے کے روپ میں شہر کے ایک شخص کو فون کیا اور بتایا کہ اس کے نام پر ایک اضافی فون نمبر رجسٹر ہوا ہے اور اس فون کو ممبئی کے اندھیری ویسٹ علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ پھر اسے ڈرانے دھمکانے کے ساتھ 'ڈیجیٹل اریسٹ' کا خوف دلاتے ہوئے قسطوں کی شکل میں 1.71 کروڑ روپے وصول کیے ۔
اس معاملے کی گہری تفتیش کے بعد پولیس نے اس دھوکہ دہی کے ملزم آکاش اے کو کیرالہ سے گرفتار کر لیا ۔ پتہ چلا ہے کہ آکاش نے اپنے بینک کھاتے کو سائبر کرائم کے لئے استعمال کیا تھا ۔