منگلورو ، 25 / دسمبر (ایس او نیوز) ایک کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر، منیجر، ڈائریکٹرز اور سونے کی جانچ کرنے والے سنار کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے کچھ لوگوں کی طرف سے نقلی سونا گروی رکھ کر کروڑوں روپے اڑانے معاملہ سامنے آیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق نقلی سونے کے زیورات گروی رکھتے ہوئے 2,11,89,800 روپے فراڈ انجام دینے کا یہ معاملہ سماج سیوا کوآپریٹیو سوسائٹی بنٹوال کی منگلورو پڈیل میں واقع برانچ میں پیش آیا ہے ۔
اس سوسائٹی کے ایک سابق ڈائریکٹر لوک ناتھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں 28 افراد کے خلاف پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور سوسائٹی میں سونے کی جانچ کرنے کے ذمہ دار سنار ویویک اچاریہ ملزم نمبر ۲ کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
لوک ناتھ نے فراڈ کی تفصیل بتاتےہوئے کہا کہ دھوکہ دہی کے اس معاملے کا کلیدی ملزم پتور کا رہنے والا ابوبکر صدیق ہے جس نے سونے کی نقلی چوڑیاں گروی رکھ کر سوسائٹی سے قرضہ حاصل کیا ۔ سنار ویویک اچاریہ نے یہ نقلی سونے کے زیور مبینہ طور پر اصلی ہونے کی تصدیق کی تھی ۔ لوک ناتھ کا الزام ہے کہ انچارج منیجر پرشانت نے سوسائٹی کے صدر، نائب صدر، ڈائریکٹرز اور جنرل منیجر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اس سونے عوض بھاری مقدار میں قرضہ دیا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے ذریعے قرضہ حاصل کرنے کا یہ کام 13 نومبر 2023 سے 3 فروری 2024 کے درمیان انجام دیا گیا ہے ۔ امسال فروری کے پہلے ہفتے میں اس معاملے کی بھنک ملی ۔ سوسائٹی کے سینئر اراکین نے 10 اپریل کو میسورو میں رجسٹرار کے پاس شکایت درج کروائی اور یکم جولائی کو ڈسٹرکٹ کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے پاس شکایتیں درج کی گئیں ۔
لوک ناتھ کے مطابق میسورو رجسٹرار، دکشن کنڑا انچارج منسٹر اور ڈپٹی کمشنر نے منگلورو سب رجسٹرار کو اس معاملے کی تفتیش کا حکم دیا ۔ مگر سب رجسٹرار نے شکایت کنندگان کا بیانات درج کیے بغیر ہی تفتیش مکمل کی اور کیس کو بند کر دیا ۔ پولیس تحقیقات کے دوران ملزم نے اپنے اوپر لگے الزامات سے انکار کیا اور جھوٹے بیانات درج کروائے ۔
لوک ناتھ کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں نقلی سونے کے زیورات کو خفیہ طور پر نیلام کیا گیا ۔ قرض لی گئی جملہ رقم میں سے اب 1.31 کروڑ روپے بقایہ واجب الادا ہیں ۔ پولیس کمشنر سے ملاقات کرنے اور تمام تفصیلات ان کے سامنے پیش کرنے کے بعد منگلورو سی ای این پولیس اسٹیشن میں رسمی طور پر ایک شکایت درج کر لی گئی ہے ۔
پریس کانفرنس کے موقع پر سوسائٹی کے سینئر اراکین سیپّا، سومیا، سندر، رمیش اور سابق ڈائریکٹر ہیمنت سالیان موجود تھے ۔