بنگلورو، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس آج بیلگاوی میں اپنی توسیعی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کر رہی ہے، جس کا نام 'نو ستیہ گرہ اجلاس' رکھا گیا ہے۔ یہ اجلاس 1924 کے تاریخی کانگریس اجلاس کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جب مہاتما گاندھی کو بیلگاوی میں کانگریس کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔
پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ مہاتما گاندھی نے 100 سال پہلے، 26 دسمبر 1924 کو بیلگاوی میں کانگریس صدر کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ آج کانگریس اسی مقام پر گاندھی جی کی میراث کو محفوظ رکھنے کے عزم کے ساتھ نو ستیہ گرہ اجلاس منعقد کر رہی ہے۔
کانگریس نے کہا ہے کہ یہ اجلاس گاندھی جی کی اس میراث کے تحفظ اور فروغ کے لیے وقف ہوگا، جو ایک خاص نظریے کی جانب سے مسلسل نشانہ بن رہی ہے۔
اجلاس کے بعد کانگریس نے 27 دسمبر کو بیلگاوی میں ’جے باپو، جے بھیم، جے سمویدھان‘ ریلی منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس ریلی کا مقصد گاندھی جی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خیالات اور دستور کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
کانگریس نے وزیر داخلہ امت شاہ کی ڈاکٹر امبیڈکر سے متعلق حالیہ بیان کے تناظر میں اس ہفتے کو "امبیڈکر اعزاز ہفتہ" کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔