ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بی پی ایس سی امتحان منسوخی کے خلاف طلبا کا مظاہرہ جاری، کمیشن کا فیصلہ برقرار

بی پی ایس سی امتحان منسوخی کے خلاف طلبا کا مظاہرہ جاری، کمیشن کا فیصلہ برقرار

Thu, 26 Dec 2024 17:04:34  Office Staff   S.O. News Service

 پٹنہ، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں بی پی ایس سی کے 70ویں مشترکہ ابتدائی امتحان کی منسوخی کے لیے طلبا کا احتجاج مسلسل جاری ہے۔ طلبا کا الزام ہے کہ امتحان کے سوالات کے افشاء کے معاملے میں کمیشن قصوروار ہے۔ اس احتجاج کو اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی حمایت بھی حاصل ہو رہی ہے، جس سے معاملہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، پورنیہ کے آزاد ایم پی راجیش رنجن عرف پپو یادو اور جن سوراج پارٹی نے طلباء کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو جائز قرار دیا ہے۔ تاہم بدھ کو بی پی ایس سی کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے طلباء پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد تنازعہ مزید بڑھ گیا ہے۔

تیجسوی یادو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ریاست کو ایسے لوگ چلا رہے ہیں جنہیں کچھ خبر نہیں کہ بہار میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے کے رہنما نتیش کمار کی قیادت میں بی پی ایس سی طلباء پر پولیس تشدد کروا کر اسے جائز ٹھہرا رہے ہیں۔

دوسری طرف، پولیس کا کہنا ہے کہ گردنی باغ کے احتجاجی مقام کو چھوڑ کر بی پی ایس سی دفتر کے قریب ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے والے مظاہرین کو بارہا واپس جانے کی درخواست کی گئی لیکن انکار پر ہلکا زور استعمال کر کے ہٹایا گیا۔

بی پی ایس سی کمیشن نے واضح کیا کہ 13 دسمبر کو ہونے والی امتحان کی منسوخی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ صرف باپو امتحانی مرکز کے طلباء کو دوبارہ امتحان دینے کی اجازت ہوگی، جو 4 جنوری کو منعقد ہوگا۔ مزید یہ کہ 70ویں پی ٹی امتحان کے باقی امیدواروں کو اپریل 2025 میں ہونے والے امتحان کی تیاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ معاملہ سیاسی رنگ بھی اختیار کر گیا ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتیں اس احتجاج کو حمایت دے رہی ہیں، جبکہ حکومت اسے انتخابی چال قرار دے رہی ہے۔ بہار میں 2025 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس تحریک نے سیاسی بحث کو مزید گرما دیا ہے۔


Share: