بھٹکل، 7 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل مخدوم کالونی کے میونسپل وارڈ نمبر 3 کے عوام نے میونسپل انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری اور انچارج چیف آفیسر وینکٹیش ناوڑا کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے علاقے میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے بنائے گئے نالوں کی صفائی کا بندوبست کیا جائے۔
میمورنڈم میں خاص طور پر گلزار اسٹریٹ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وہاں بارش کے پانی کی نکاسی کے نالے مکمل طور پر کچروں سے بھرے ہوئے ہیں، جنہیں کئی ماہ سے صاف نہیں کیا گیا۔ عوام نے شکایت کی کہ بعض مقامات پر نالوں سے نکالا گیا کچرا اور مٹی کناروں پر ڈال دی گئی ہے، مگر اسے اٹھایا نہیں جا رہا ہے۔ میونسپل عملہ سے سوال کرنے پر گاڑی نہ ہونے کا بہانہ دیا جاتا ہے۔
عوام نے میونسپل کونسلر پریا فرنانڈیز پر عدم توجہی اور غیر ذمہ داری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل کی جانب کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے۔ یہاں تک کہ عوام کے فون کالز بھی موصول نہیں کرتیں، جس کی وجہ سے عوام کو اپنے مسائل بیان کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔
عوام نے میونسپل حکام سے پرزور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور عوام کے روزمرہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کریں۔
میمورنڈم پیش کرنے کے دوران شارق خان، مُجیب گنگاولی، مولانا عرفان، ضرار، مولیٰ، اسلم، مشتاق مُوڈا، ابراہیم، اور صادق وغیرہ افراد موجود تھے۔