ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہونے کا امکان

دہلی میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہونے کا امکان

Mon, 09 Dec 2024 11:36:54  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 9/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتوار کی رات دہلی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ تاہم، بارش کی وجہ سے اسموگ کی سطح میں کمی کا امکان ہے۔ آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری تک کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ دہلی میں آج صبح اے کیو آئی کی اوسط سطح 272 درج کی گئی ہے، جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 352 اور بوانا میں 324 درج کیا گیا ہے، جو انتہائی خراب زمرے میں شمار ہوتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے رات گئے بارش ہونے کی پیشین گوئی کی تھی، اور بعض علاقوں میں یہ پیشین گوئی پوری ہوئی ہے۔

دہلی میں صبح کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے اپنی پیشین گوئی میں کہا تھا کہ آئندہ کچھ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ دہلی کی ہوا کا معیار اس وقت خراب ہو گیا جب سپریم کورٹ کی جانب سے اس ہفتے کے شروع میں آلودگی سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے بعد سی اے کیو ایم نے اسٹیج 3 اور اسٹیج 4 کو ہٹا دیا تھا۔ دہلی سمیت پورے این سی آر سے دونوں مرحلوں کو ہٹا دیا گیا تھا۔ حالانکہ دہلی میں 30 نومبر سے اے کیو آئی 300 سے نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

دہلی کے علاوہ مغربی اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب، مشرقی مدھیہ پردیش، مراٹھواڑہ، ودربھ، چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرناٹک کے کچھ علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔ اگر ہم اگلے پانچ دنوں کے موسم کی پیشین گوئی پر نظر ڈالیں تو شمالی اور وسطی ہندوستان میں درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔ دونوں علاقوں میں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔


Share: