نئی دہلی، 22جون؍(آئی این ایس انڈیا)زمبابوے میں عصمت دری کے مبینہ الزامات کی وجہ سے گرفتارہندوستانی شہری کو ہائی کورٹ نے تمام الزامات سے بری کر کے اسے فوری طور پر رہا کر دیا ہے۔کمپنی نے آج یہ دعوی کیا۔ہندوستان کی دوسر ے زمرے کی کرکٹ ٹیم کا زمبابوے دورہ گزشتہ اتوار کو اس وقت تنازعات سے گھر گیا تھا جب یہ رپورٹ آئی کہ دو افراد کو عصمت دری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔حکام نے اگرچہ تصدیق کی کہ کوئی بھی ہندوستانی کرکٹر اس واقعہ میں ملوث نہیں ہے،جن دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ان میں ایک افسر سیریز کے سپانسرز سے جوڑا گیا تھا۔کمپنی نے بیان میں کہا کہ ہرارے میں ہائی کورٹ کے جج جسٹس ماودجے نے معاملے پر غور کرتے ہوئے پایا کہ آئی ٹی ٹیم ورکس کے مشیر کو مبینہ جرم کے لئے حراست میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور اسے فوری طور پررہا کر دیا گیا۔یہ معاملہ اس وقت طول پکڑ گیا تھا جب زمبابوے میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ہندوستانی کرکٹر کو عصمت دری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے،تاہم رپورٹوں میں نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ زمبابوے میں ہندوستانی سفیر آر مساکی نے ہرارے ہوٹل میں کھلاڑی کی گرفتاری روکنے کی مانگ کی تھی،تاہم مساکی نے شروع میں میڈیا کی رپورٹ کو مسترد کردیا تھا اور واضح کیا تھا کہ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے منسلک نہیں ہے جو ابھی زمبابوے میں محدود اوورز کی سیریز کھیل رہی ہے۔بی سی سی آئی نے بھی وضاحت دی تھی کہ کوئی کھلاڑی یا اہلکار مبینہ واقعہ میں ملوث نہیں تھا۔