ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیکس ویڈیوز کیس: پرجول ریونا کا تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار

سیکس ویڈیوز کیس: پرجول ریونا کا تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار

Sun, 02 Jun 2024 11:49:36  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو، 2/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) ایس آئی ٹی، سیکس ویڈیو کیس کے اصل ملزم جے ڈی ایس پی(جنہیں گرفتار کیا جاچکا ہے) کی جانب سے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اورحملوں کی فلمبندی میں مستعملہ موبائیل فون کو برآمد کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

تحقیقات بنیادی طور پر موبائیل فون کی برآمدگی پر مرکوز ہوچکی ہے کیوں کہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجول ریونا معلومات فراہم کرنے یا سوالات کا جواب دینے میں تحقیقاتی عہدیداروں کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں۔

ویڈیوز میں موجود آواز کو ملانے ان کی آواز کے نمونے حاصل کرکے فارنسک لیاب بھیجے جائیں گے۔ ایس آئی ٹی کے ذرائع نے کہا کہ ہاسن کے ایم پی پوری پوچھ تاچھ کے دوران مہر بہ لب رہے۔ پوچھ تاچھ کے دوسرے دن بھی عہدیداروں کو پرجول ریونا سے اپنے سوالات کے جواب نہیں ملے۔

جمعہ کو پورا دن پرجول ریونا کہتے ہیں کہ سیکس ویڈیوز سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور تفتیش کار جیسی چاہے تحقیقات کرسکتے ہیں۔“ ذرائع نے کہا کہ اپنی گرفتاری کے بعد سے پوری تحقیقات کے دوران پرجول کا رویہ عدم تعاون کا رہا ہے۔

وہ دعویٰ کررہے ہیں کہ اسکینڈل ان کے خلاف سیاسی سازش ہے اور وہ اپنے وکیل سے مشاورت کے بعد ہی سوالات کے جواب دیں گے۔“ ایس آئی ٹی کو پتا چلا کہ پرجول ریونا نے 29 / مارچ 2023 کو اپنے شخصی مددگار بھرت راج کے ذریعہ ہاسن میں اپنے فون کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی۔

ذرائع کا اشارہ ہے کہ اصلی فون پرجول ریونا کے سابق ڈائرکٹر کارتک گوڑا کے پاس ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کارتک گوڑا فی الحال بیرون ملک فرار ہے اور ایس آئی ٹی اس کا پتا لگانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

مانا جاتا ہے کہ کارتک گوڑا‘ نجی ویڈیوز دیکھنے والا پہلا شخص ہے اور اس نے اسے گرفتار بی جے پی لیڈر جی دیوراجے گوڑا اور کچھ کانگریس قائدین کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ کارتک گوڑا نے قبل ازیں الزام عائد کیا کہ پرجول ریوناکے خاندان نے اسے دھمکی دے کر اس کی جائیداد جبراً ہڑپ لی۔

اس نے یہ بھی کہا تھا کہ پرجول ریونا کے خاندان نے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کرانے اس کا اوراس کی حاملہ بیوی کا اغوا کیا تھا۔ بعدازاں پولیس کا استعمال کرتے ہوئے اس کی بیوی پر حملہ کیا گیا جس سے اس کا حمل ساقط ہوگیا۔

ایس آئی ٹی مزید معلومات حاصل کرنے کارتک گوڑا کے خاندان سے ربط میں ہے۔ ایجنسی نے سیل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر حاصل کرلیا اور اس کا پتا لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ پرجول ریونا کو عدالت نے 6/ جون تک ایس آئی ٹی کی تحویل میں دے دیا۔ حکام اسے اتوار کو ہاسن اور ہولے نرسی پورہ لے جانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔


Share: