جمشید پور، 24؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ماؤنوازوں نے جھارکھنڈ محکمہ جنگلات کے ایک گیسٹ ہاؤس کو آگ لگا دی اور سرائے کیلاکھرساواں میں ہنروگڈا میں واقع تعمیراتی کمپنی کی8 گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اندرجیت مہتا نے کہا کہ ماؤنوازوں کا ایک گروپ صبح جائے حادثہ پر آیا اور اس نے محکمہ جنگلات کے گیسٹ ہاؤس میں آگ لگا دی۔یہ گیسٹ ہاؤس کئی سالوں سے خالی پڑاتھااور10ماہ پہلے اس کی تزئین کاری کا کام شروع ہوا تھا۔گیسٹ ہاؤس میں آگ لگانے کے بعدماؤنواز باغیوں نے قریبی علاقے میں کام کر رہی تعمیراتی کمپنی کی 8 گاڑیوں کو بھی آگ کے حوالے کر دیا۔جائے حادثہ پرماؤنوازوں سے جڑے کئی پرچے پائے گئے ہیں ۔مہتا نے کہاکہ یہ واقعہ اس وقت ہواجب اس علاقے میں گزشتہ کئی مہینوں سے تعینات سیکورٹی اہلکاروں میں سے زیادہ ترجوان کل رات کو ماؤنواز مخالف مہم کے لیے گئے ہوئے تھے۔تعمیراتی کمپنی سرو باندھ پروجیکٹ کے تحت نہروں کی تعمیر میں لگی ہے۔مہتانے کہاکہ نہربنانے کے زیادہ تر کام کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے سخت سیکورٹی کے انتظاموں کے درمیان مکمل کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر کا کام دہائیوں سے رکا ہوا تھا لیکن انتظامیہ نے ضروری تحفظ دے کر اسے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث ماؤنوازوں کی شناخت کے لیے قریبی جنگلوں میں تلاشی مہم جاری ہے۔