ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی بنگال میں 7 ماہ کی بچی کے اغوا اور جنسی زیادتی پر انسانی حقوق کمیشن کا نوٹس

مغربی بنگال میں 7 ماہ کی بچی کے اغوا اور جنسی زیادتی پر انسانی حقوق کمیشن کا نوٹس

Thu, 12 Dec 2024 12:11:09  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 12/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) قومی انسانی حقوق کمیشن نے مغربی بنگال کے کولکاتہ میں فٹ پاتھ سے ایک شیر خوار بچے کے اغوا اور جنسی زیادتی سے متعلق میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریاست کی پولیس سے تفصیلی اطلاعات کے لیے دو ہفتے کے اندر رپورٹ دینے کو کہا ہے۔

کمیشن نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے ایک میڈیا رپورٹ کا ازخود نوٹس لیا ہے جس کے مطابق 30 نومبر کو مغربی بنگال کے کولکاتہ میں ایک سات ماہ کی بچی کو فٹ پاتھ سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا اور کچھ شرپسندوں نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ چھوٹی بچی بے گھر والدین کی اولاد ہے۔ لڑکی فٹ پاتھ پر پڑی تھی جب کچھ لوگوں نے اسے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

کمیشن نے کہا ہے کہ اگر میڈیا رپورٹ میں دی گئی اطلاعات درست ہیں تو یہ بچیوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین مسئلہ ہے۔ یہ واقعہ سراسر انتشار کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ سماج دشمن عناصر آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں اور بغیر کسی خوف کے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں۔

کمیشن نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ رپورٹ میں ایف آئی آر کی تازہ ترین صورتحال، متاثرہ بچے کی صحت اور متاثرہ خاندان کو معاوضے کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ5 دسمبر کی میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کولکتہ کے ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہے۔


Share: