نئی دہلی، 9/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) اپنے سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ جنوبی افریقہ نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ہندوستان کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں، کیونکہ ٹیبل میں آسٹریلیا دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے۔ یاد رہے کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل ان دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جو ٹیبل میں پہلے اور دوسرے مقام پر ہوں گی، لیکن فی الحال کسی بھی ٹیم کی فائنل میں جگہ یقینی نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ اگر پاکستان کے خلاف اپنی ہوم سیریز میں دو میچوں میں سے ایک بھی جیت لیتا ہے تو وہ فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن جائے گا۔ میزبان ہونے کے ناطے جنوبی افریقہ کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی پوزیشن مستحکم کرے۔
ڈبلیو ٹی سی چمپئن شپ میں موجودہ رینکنگ کو دیکھیں تو اس وقت جنوبی افریقہ 63.33 پی سی ٹی کے ساتھ پہلے مقام پر، آسٹریلیا 60.71 پی سی ٹی کے ساتھ دوسرے مقام پر اور ہندوستان 57.29 پی سی ٹی کے ساتھ تیسرے مقام پر قابض ہے۔ چوتھے مقام پر 45.45 پی سی ٹی کے ساتھ سری لنکا اور پانچویں مقام پر 45.24 پی سی ٹی کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اوپر کی 3 ٹیموں میں ہی اصل مقابلہ ہے، اور تینوں میں سے کوئی بھی ٹیم فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اگر فائنل میں اپنا مقام پختہ کرنا ہے تو آسٹریلیا کے خلاف باقی تینوں ٹیسٹ میچ میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار بڑھ جائے گا۔
جہاں تک جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا سوال ہے، جنوبی افریقہ نے اسے 109 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے اس ٹیسٹ سیریز کو 0-2 سے اپنے نام کر لیا۔ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے سامنے آخری اننگ میں جیت کے لیے 348 رنوں کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں سری لنکا 238 رن ہی بنا سکی۔ اسپنر کیشو مہاراج نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے 25 اوورس میں 76 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو رباڈا اور ڈین پیٹرسن نے 2-2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ مارکو یانسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکائی بلے بازوں کی بات کریں تو دوسری اننگ میں سب سے زیادہ 50 رن کپتان دھننجے ڈی سلوا نے بنائے، جبکہ کسل مینڈس نے 46 رن، کمنڈو مینڈس نے 35 رن، اینجلو میتھیوز نے 32 رن، دنیش چاندیمل نے 29 رن اور پتھوم نسانکا نے 18 رنوں کی اننگ کھیلی۔ بقیہ بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے۔