کاروار 18 / دسمبر (ایس او نیوز) کاروار میونسپالٹی حدود میں بینگا علاقے میں واقع گراسیم انڈسٹریز میں ہوئی ایک ملازم کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے اس کے اہل خانہ نے مضافاتی پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فوت ہوئے شخص کا نام ناگراج وشنو اورسیکر (41 سال) ہے ۔ پرسوں پیر کے دن گراسیم انڈسٹریز میں رات کے وقت ڈیوٹی انجام دینے کے دوران بائلر سے گیس خارج ہونے پر ناگراج اورسیکر جب پلانٹ کا سوئچ آف کرنے کے لئے باہر نکلا تو اچانک بے ہوش ہو کر گر گیا ۔ کارخانے کے ساتھی ملازمین اسے ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی ۔
ناگراج کے رشتے دار شئیلیندر نے پولیس کے پاس درج کردہ شکایت میں مشکوک موت کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کیا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔ تحقیقات جاری ہے ۔